مساجد، نگہبان بازاروں کے باہر پانی جمع نہ ہو ،ایم ڈی واسا کا حکم
نکاسی آب کی خراب صورتحال پر متعلقہ افسر وں کے خلاف کارروائی کا انتباہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، نگہبان بازاروں اور دیگر عوامی مقامات کے باہر کسی صورت پانی جمع نہیں ہونا چاہیے ۔ اس مقصد کے لیے آپریشنز افسروں کو خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اور حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیا گیا ہے ۔ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماہِ صیام کے دوران شہریوں کو نکاسی آب اور فراہمی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی مسجد، نگہبان بازار یا عوامی مقام پر پانی کھڑا پایا گیا تو متعلقہ افسر اور عملہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور مقررہ ٹائم فریم کے اندر مسائل حل کرنا یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے او اینڈ ایم ڈائریکٹرز کو اپنے ماتحت افسروں و عملہ کی حاضری یقینی بنانے اور فیلڈ وزٹس بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔مزید برآں تمام ڈسپوزل سٹیشنز پر سکیورٹی کے لیے کیمرے نصب کرنے اور گارڈز تعینات کرنے کا حکم دیا گیا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی بھی ڈسپوزل سٹیشن پر چوری کی صورت میں متعلقہ او اینڈ ایم اور انتظامی افسر ذمہ دار ہوں گے ۔