سلمیٰ بٹ کا دورئہ فیصل آباد، رمضان انتظامات کا جائزہ لیا
سہولت بازار، نگہبان کارڈ سنٹرز ،ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم کا معائنہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی برداشت نہیں کی جائے گی:معاون خصوصی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ نے رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے فیصل آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے رمضان سہولت بازار، نگہبان کارڈ سنٹرز اور ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم کنٹرول روم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ماہِ صیام میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ معاونِ خصوصی نے کریانہ، غلہ اور سبزی منڈی کے نمائندگان سے ملاقات کی اور اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے سہولت بازار جھنگ روڈ کا دورہ کرتے ہوئے پھلوں، سبزیوں، کریانہ اور چکن سٹالز پر معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر خریداروں سے بھی اشیا خورونوش کی قیمتوں اور معیار کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ عام مارکیٹ میں بھی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے انتظامی مشینری متحرک ہے ۔سلمیٰ بٹ نے نگہبان کارڈ سنٹر میں ادائیگیوں کے عمل کا معائنہ کیا اور کہا کہ مستحقین کو بروقت اور باعزت امداد کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔