سڑکیں بحال پنجاب خوشحال پرگرام کے تحت 61 سڑکوں کے منصوبوں کا آغاز
3 ارب 87 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے ٹینڈر جاری ، کام میں شفافیت، معیاری میٹریل کے استعمال اور مقررہ ٹائم لائن کی سختی سے پابندی یقینی بناے کی ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی اقدام ‘‘سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال’’ کے تحت ضلع سرگودھا میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر عملی کام شروع ہو گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق 3 ارب 87 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے 61 سڑکوں کے ٹینڈرز جاری کیے جا چکے ہیں، جن کی مجموعی لمبائی 162 کلومیٹر ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چودھری نے ممبر صوبائی اسمبلی صفدر ساہی کے ہمراہ مختلف سڑکوں کی سائٹس کا دورہ کر کے کام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام میں شفافیت، معیاری میٹریل کے استعمال اور مقررہ ٹائم لائن کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام منصوبوں کے ورک آرڈرز جاری کیے جا رہے ہیں، مکمل فنڈنگ دستیاب ہے اور جون تک سڑکوں کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔حسین احمد رضا نے کہا کہ سڑکوں کی بہتری سے آمدورفت میں آسانی آئے گی، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کام بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل ہو۔ر اے ڈی سی آر فہد محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔