میونسپل کارپوریشن کی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس، منصوبوں کا جائزہ
میونسپل کارپوریشن کی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس، منصوبوں کا جائزہ سکیموں کی مقررہ ٹائم لائن کے اندر تکمیل،معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے :کمشنر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن کی ڈویلپمنٹ کمیٹی اور کارکردگی کے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے افسران، متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور انجینئرنگ و پلاننگ ونگ کے حکام نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کے منصوبے ، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکس کی بحالی اور صفائی کے نظام میں بہتری سے متعلق اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔کمشنر نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی مقررہ ٹائم لائن کے اندر تکمیل اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔
شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اور اس ضمن میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جاری منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور جہاں رکاوٹیں درپیش ہوں، وہاں فوری حل تجویز کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔ اجلاس میں شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔آخر میں کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے موثر میکانزم اپنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر/سی او کارپوریشن ماجد بن احمد، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان، ایکسین بلڈنگ بدر سلطان، میونسپل آفیسر ریونیو، میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر، میونسپل آفیسر فنانس اور دیگر میونسپل افسران نے شرکت کی۔