مردہ گوشت مارکیٹ میں پہنچنے سے پہلے ضبط، 2ملزم گرفتار
ملزم موٹر سائیکل رکشوں میں لوڈ کر کے 20 من سے گوشت سپلائی کررہے تھے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) فوڈ اتھارٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو مردہ بکروں کا گوشت کھانے سے بچا لیا اور 20 من سے زائد مردہ بکروں کا گوشت سپلائی کرنے کی کوشش کرنے والے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھیکری والا کے علاقے میں ملزم موٹر سائیکل رکشوں میں لوڈ کر کے 20 من سے زائد مردہ بکروں کا گوشت مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر فوڈ اتھارٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے مضر صحت گوشت برآمد کر لیا، جسے بعد ازاں تلف کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز امتیاز حسین نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں اور فوڈ اتھارٹی ٹیمیں ہر لمحہ چوکس ہیں۔