واسا فلیٹ میں نئی مشینری اور گاڑیاں شامل کردی گئیں
20 نئے ڈی واٹرنگ سیٹس 20 مارچ تک پہنچ جائیں گے :ایم ڈی ثاقب رضا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی ہدایت پر نئی مشینری اور گاڑیاں محکمہ کے فلیٹ میں شامل کر دی گئی ہیں، جبکہ 20 نئے ڈی واٹرنگ سیٹس بھی 20 مارچ تک واسا فیصل آباد پہنچ جائیں گے ۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ مون سون سے قبل مین ٹرنک سیور لائنز، مین چینلز اور روڈ سائیڈ ڈرینز کی صفائی کا فائنل مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے ، جو موسمِ برسات سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا تاکہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ نئی مشینری میں دو ڈمپ ٹرک، دو کمبائنڈ جیٹر سکر گاڑیاں اور ڈی سلٹنگ مشینیں شامل ہیں۔
جو نکاسی آب کے آپریشنز میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان گاڑیوں کی شمولیت سے واسا کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو ریلیف ملے گا۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، جس کے لیے مون سون سیزن سے قبل تمام مشینری کو مکمل طور پر فعال اور آپریشنل کر دیا جائے گا۔ آئندہ ماہ آنے والے 20 نئے ڈی واٹرنگ سیٹس کو مختلف پونڈنگ پوائنٹس سے پانی کی فوری نکاسی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔