ضلع بھر کی مساجد ، مدارس ، بازاروں ، مارکیٹوں کی سکیورٹی پر 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات
قانون کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور دیگر پولیس ٹیمیں باقاعدہ گشت کریں گی، علما کرام اور امن کمیٹیوں کے اراکین تعاون کریں :آر پی او سہیل اختر سکھیرا،سی پی او صاحبزادہ بلال عمر
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)رمضان المبارک میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ضلع بھر کی مساجد، مدارس، بازاروں، مارکیٹوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر تین ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اور افسروں کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔ قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور دیگر پولیس ٹیمیں باقاعدہ گشت کریں گی، جبکہ سیف سٹی اور دیگر کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کیلئے بھی خصوصی حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔ نمازِ تراویح اور دیگر نمازوں کے اوقات میں بھی پولیس کی خصوصی ٹیمیں تعینات رہیں گی۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام اور امن کمیٹیوں کے اراکین کیساتھ اجلاس منعقد کیے۔
انہیں سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے تعاون کی اپیل کی۔پولیس حکام کے مطابق مساجد اور عبادت گاہوں کے علاوہ مارکیٹوں، بازاروں، شاپنگ سینٹرز اور دیگر اہم مقامات پر بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کیلئے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے ۔