اینٹی ریپ قوانین اور مقدمات کی تیاری پر ضلعی سطح پر تربیتی لیکچرز

 اینٹی ریپ قوانین اور مقدمات کی تیاری پر ضلعی سطح پر تربیتی لیکچرز

پراسیکیوٹرز اور تفتیشی افسروں کو متعلقہ قوانین اور ٹرائل کے حوالے سے تربیت

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیرِاعلیٰ مریم نواز کے ویژن \"انصاف سب کے لیے اور قانون کی بالادستی\" کے تحت پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے پنجاب بھر کے پراسیکیوٹرز اور پولیس تفتیشی افسران کے لیے تربیتی کورسز کا انعقاد کیا گیا۔ ان کورسز میں قتل، جنسی زیادتی اور منشیات کے مقدمات کی پیروی کرنے والے پراسیکیوٹرز اور تفتیشی پولیس افسروں کو متعلقہ قوانین، تفتیشی مراحل اور ٹرائل کے حوالے سے خصوصی تربیت دی گئی۔ پہلے مرحلے میں پنجاب بھر کے 10 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر یہ تربیتی کورسز منعقد کیے گئے ۔سینٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ فار پبلک پراسیکیوٹرز (سی پی ڈی) نے تربیتی ماڈیولز اور ایجنڈا ڈیزائن کیے اور تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر بروقت انعقاد کو یقینی بنایا۔ سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن سلمان غنی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیشنز پراسیکیوٹرز اور پولیس افسران کے پیشہ وارانہ امور میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ 

 

سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوانے کے لیے مقدمات کی مکمل تیاری اور مؤثر پیروی ضروری ہے اور پولیس و دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنا ہوگا تاکہ زیر التواء مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں۔ سیشنز کا مقصد نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور ان کے مؤثر حل کے ذریعے کرمنل جسٹس سسٹم کو مضبوط بنانا ہے ۔ ضلع فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر فاروق احسن اور ان کی ٹیم نے کورس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔ پولیس لائنز فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر فاروق احسن اور سینئر ایڈووکیٹ اسد نصار بھٹی نے ریپ کیسز کے حوالے سے جامع اور مدلل لیکچرز دیے ، جس میں اینٹی ریپ قوانین کے عملی اطلاق، تفتیشی تقاضے ، شہادت کے معیار اور مقدمات میں بریت کے امکانات کم کرنے کے مؤثر قانونی و عملی طریقے شامل تھے ۔تربیتی سیشن میں متعلقہ مقدمات کی پیروی کرنے والے پراسیکیوٹرز اور تفتیشی پولیس افسران نے بھرپور شرکت کی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں