گرانفروشوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی:اے ڈی سی
فیلڈ میں چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے :فضل عباس ،اجلاس میں ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فضل عباس کی زیر صدارت رمضان المبارک کے حوالے سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں مہنگائی پر قابو پانے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا فورس کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فضل عباس نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی دکاندار یا تاجر اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت نہ کر یں ، بصورت دیگر اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی موجودگی یقینی بناتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔