ضلعی انتظامیہ خود ساختہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام

 ضلعی انتظامیہ خود ساختہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام

منڈی سے مہنگاملنے والامال سستانہیں بیچ سکتے :پھل فروش،حکومتی دعوؤں کے باوجود گرانفروشی عروج پر،وزیر اعلیٰ انتظامیہ کو سخت احکامات جاری کریں :شہری

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی واضح ہدایت کے باوجود ضلعی انتظامیہ خودساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام نظر آ رہی ہے ۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں اور گوشت کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں،رمضان سے ایک دن قبل 150 سے 200 روپے فی کلو فروخت ہونے والا خربوزہ 300 سے 400 روپے کلو تک جا پہنچا ہے ، جبکہ سیب 400 سے 600 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے ۔ اسی طرح دیگر پھل بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔ قصابوں نے بھی گوشت کے من مانے نرخ مقرر کر رکھے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔

رمضان المبارک سے قبل وزیر اعلیٰ نے پیرا فورس کو ہدایت کی تھی کہ رمضان سے پہلے والے نرخ برقرار رکھے جائیں، تاہم سابقہ ادوار کی طرح اس سال بھی اشیائے ضروریہ کے ریٹس میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کہیں نظر نہیں آتی، جبکہ دکاندار من مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ حکومتی دعوؤں کے باوجود گرانفروشی عروج پر ہے ۔پھل فروشوں کا مؤقف ہے کہ انہیں منڈی سے مال مہنگا ملتا ہے ، اس لیے وہ سستا فروخت نہیں کر سکتے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑے آڑھتی اور بیوپاری رمضان المبارک میں اشیا کے نرخ بڑھا دیتے ہیں، جس کے باعث چھوٹے دکاندار مہنگا مال خرید کر مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو سخت احکامات جاری کیے جائیں تاکہ تھوک مارکیٹوں اور بڑے آڑھتیوں کو کنٹرول کیا جا سکے اور روزمرہ اشیا خورونوش سمیت پھلوں اور گوشت کے نرخوں میں کمی ممکن بنائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں