سوشل ویلفئیر متعلقہ اداروں کی کاروائیاں نہ ہونے کے برابر بھکاری عید لگانے میں مصروف
پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار تو کیا جاتا لیکن مبینہ طور پر ان سے پیسے اور دیگر سامان چھین کر دوبارہ چھوڑ دیا جاتا ہے ،مسافر اڈوں، بازاروں، ہسپتالوں، مارکیٹوں میں بھکاریوں کی بڑی تعداد مو جود
فیصل آباد(سٹی رپورٹر) ماہ مقدس میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات نہ ہونے کے برابر دکھائی دینے لگے ۔مین شاہراہوں، ٹریفک سگنلز، چوک چوراہوں، مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر اہم مقامات پر دندناتے پیشہ ور بھکاریوں نے شہریوں کی ناک میں دم کر دیا۔ سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لانے کی بجائے مبینہ طور پر خاموشی اختیار کرلی گئی۔ ماہ مقدس کے دوران پیشہ ور بھکاریوں نے شہر بھر کے مختلف علاقوں پر اپنے بسیرے ڈال لئے ہیں۔
مسافر اڈوں، بازاروں، ہسپتالوں، مارکیٹوں، چوک چوراہوں اور ٹریفک سگنل سمیت دیگر اہم مقامات پر بھکاریوں کے گروہ دندناتے دکھائی دیتے ہیں۔ پیشہ ور بھکاریوں کی جانب سے مختلف نوعیت کی معذوری ظاہر کرکے اور دیگر روپ دھار کر شہریوں کے دلوں کو نرم کرتے ہوئے ان سے پیسے بٹور کر اپنی جیبیں بھرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔بھکاری شہریوں سے پیسے بٹورنے میں مصروف عمل رہتے ہیں اور اسی وجہ سے اصل ضرورت مند شہریوں کی امداد سے محروم رہ جاتے ہیں۔ سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار تو کیا جاتا ہے لیکن مبینہ طور پر ان سے پیسے اور دیگر سامان چھین کر دوبارہ سے انہیں چھوڑ دیا جاتا ہے ۔ شہری حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف حقیقی معنوں میں اقدامات اٹھائے جائیں۔