حکومت قومی اداروں کی نجکاری سے باز رہے :میاں اعجاز

حکومت قومی اداروں کی نجکاری سے باز رہے :میاں اعجاز

ملازمین کے آئینی و قانونی حقوق کی بحالی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائیگی

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)حکومتِ پنجاب قومی اداروں کی نجکاری سے فوری طور پر باز رہے کیونکہ حکمران طبقے کی موجودہ ناکام معاشی پالیسیوں سے ملکی معیشت تباہی و بربادی کی جانب گامزن ہے ، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اگر نجکاری اور ملازمین دشمن فیصلوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاجی دائرہ مزید وسیع اور تیز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل لیبر فیڈریشن کے مرکزی رہنمامیاں اعجاز نے آل پاکستان کلاس فور ملازمین ایسوسی ایشن آل ڈیپارٹمنٹ (ایجوکیشن) کے عہدیداران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری غضنفر عباس شاہ، ضلعی صدر محکمہ ایجوکیشن ایم مشارف، وائس چیئرمین میاں عبد الحمید، نائب صدر ملک سرفراز، سید زوہیب اور دیگر ذمہ داران شریک تھے ۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری دراصل ملازمین کے روزگار، پنشن اور گریجویٹی پر براہِ راست حملہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان سرکاری ملازمین کی جاری تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے اور ملازمین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملازمین کے آئینی و قانونی حقوق کی بحالی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائیگی اور پرامن مگر مؤثر مزاحمت جاری رکھی جائیگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں اور نجکاری جیسے عوام و مزدور دشمن فیصلوں پر فوری نظرِ ثانی کی جائے ۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قومی اداروں کے تحفظ اور ملازمین کے حقوق کے دفاع کیلئے ہر صورت جدوجہدجاری رکھی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں