لائیو سٹاک ٹیم کا بنولہ کھل، چوکر ودیگر فیڈز کے معیارکاجائزہ
ٹریڈرز اورآئل ملز مالکان کو لائسنس حصول ،رجسٹریشن کیلئے باضابطہ نوٹسز جاری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ملاوٹ شدہ بنولہ کھل تیار کرنے والے عناصر کیخلاف خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ڈاکٹر روبینہ انجم، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے ڈاکٹر سہیل انجم ڈپٹی ڈائریکٹر کے ہمراہ راوی ٹریڈرز اعوان والا اور مدینہ آئل ملز ستیانہ روڈ فیصل آباد کا اچانک معائنہ کیا۔ دورے کے دوران بنولہ کھل، گندم کے چوکر اور دیگر دستیاب فیڈز کے معیار، صفائی اور تیاری کے مراحل کا جائزہ لیا گیا۔معائنہ کے دوران مالکان کو لائسنس کے حصول اور رجسٹریشن مکمل کرنے کیلئے باضابطہ نوٹسز جاری کئے گئے اور انہیں حکومتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر خاں کاکہناہے کہ کارروائیاں جانوروں کی صحت کے تحفظ، دودھ اور گوشت کے معیار میں بہتری اور معیاری فیڈ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ لائیو سٹاک ملاوٹ کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور ضلع بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔