گوشت مہنگے داموں بیچنے والوں کیخلاف کارروائی، جرمانہ
سرکاری ریٹ 800 روپے فی کلو ، زائد وصول کرنے پر ایکشن ہو گا
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )روزنامہ دنیا کی نشاندہی پر انتظامیہ نے گوشت مہنگے داموں بیچنے والے قصابوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں جرمانے کے ذریعے سخت سزادیا۔اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری ثنااللہ ہنجر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمد عمران نیازی، تحصیل پیرافورس انچارج آصف جاوید اور انکروچمنٹ انسپکٹر محمد رمضان کو ناجائز منافع خوری کرنے والے قصابوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔
مزکورہ افسروں نے اٹھارہ ہزاری، ماچھی وال، کوٹ شاکر، کچہ پکہ موڑ، رشیرپور اور دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مشتاق، قیوم اور دیگر قصابوں کو چالیس ہزار سے زائد جرمانہ کیا۔حکام نے واضح کیا کہ بڑے گوشت کا سرکاری ریٹ 800 روپے فی کلو ہے اور اس سے زائد ریٹ وصول کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں سے زائد نرخ وصول کرنے والے قصابوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔