جعلی و مضر صحت ادویات کے گودام پر چھاپہ، ملزم گرفتار
ایف آئی اے ٹیم نے 13 مختلف اقسام کی ادویات برآمد کر لی ہیں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر جعلی اور مضر صحت ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے بھاری مالیت کی ادویات برآمد کر لیں۔تھانہ ایف آئی اے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر اجمل حسین کی سربراہی میں ایف آئی اے ٹیم نے صوبائی ڈرگ انسپکٹرز محمد ثاقب اور اطہر فاروق کے ہمراہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے میں ایک گودام پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 13 مختلف اقسام کی ادویات برآمد ہوئیں جنہیں ڈرگ ایکٹ کے تحت فارم 4 اور فارم 5 کے ذریعے ضبط کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ ادویات کی فروخت اور ذخیرہ کرنے میں متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن میں خرید و فروخت کا ریکارڈ نہ ہونا، انوائس یا وارنٹی کی عدم موجودگی، مجاز اجازت نامے کے بغیر ادویات کی فروخت اور کوالیفائیڈ پرسن کی عدم موجودگی شامل ہیں۔اس سلسلے میں وحید انٹرپرائزز کے خلاف انکوائری نمبر 24/26 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔