انڈر ٹریننگ اسسٹنٹ کمشنرز دورہ جڑانوالہ، منصوبوں کا معائنہ
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو منصوبوں پر بریفنگ دی
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)انڈر ٹریننگ اسسٹنٹ کمشنرز نے جڑانوالہ کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مین پی سی پی پراجیکٹس کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر نے انڈر ٹریننگ اسسٹنٹ کمشنرز کو مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہری سہولیات کی بہتری، صفائی ستھرائی، انفراسٹرکچر کی بحالی اور دیگر فلاحی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔انڈر ٹریننگ اسسٹنٹ کمشنرز نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ عوامی فلاح کے لیے اس نوعیت کے منصوبے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ ترقیاتی کام جاری رہیں گے ۔