نوسر باز موٹر سائیکل، نقدی ، زیورات،موبائلزلے اڑے
عمران نامی دوشہریوں سمیت ناصر، شکیل اور ثوبیہ سے وارداتیں، مقدمات درج
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)نوسر بازوں نے مختلف مقامات پر پانچ افراد کو موٹر سائیکل، نقدی ، زیوراتاور موبائل فونز سے محروم کردیا۔ تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے کوہ نور پلازہ کے قریب عمران کو نوسر بازوں نے روک لیا اور خود کو پولیس ملازمین ظاہر کرتے ہوئے تلاشی لینے کے بہانے موبائل ، نقدی اور موٹر سائیکل ہتھیالیا اور قریبی تھانے پہنچنے کا بول کر فرار ہوگئے ۔ تھانہ جھنگ بازار کے علاقے میں ناصر کوملزم نے خود کو سرکاری آفیسر ظاہر کرتے ہوئے گاڑیوں کے قیمتی دستاویزات ہتھیالئے ۔تھانہ ریل بازار کے علاقے میں عمران کوملزم نے دھوکے سے باتوں میں الجھا لیا اور لاکھوں کپڑا لے کر رفو چکر ہو گیا۔
تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے جڑانوالہ روڈ پر شکیل کو نوسر بازخود کو روحانی شخصیات ظاہر کرتے ہوئے باتوں میں الجھا کرکپڑوں، موبائلز، نقدی، لیپ ٹاپ اورقیمتی سامان سے بھرا بیگ ہتھیالیا اور آنکھیں بند کر کے چند قدم چلنے کا بول کر موقع سے فرار ہو گئے ۔ تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقے سے نوسر باز خواتین زیورات، نقدی ودیگر سامان لے اڑیں۔ محلہ یوسف آباد کی رہائشی ثوبیہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے گھر پر موجود تھی کہ نوسر باز خواتین اس سے زیورات، نقدی، موبائل اور دیگر سامان ہتھیاکر فرار ہو گئیں۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ۔