تعلیمی بورڈ سیکرٹر ی پر لاکھوں روپے ہڑپ کرنے کا الزام
چیئرمین کو بورڈ میں اضافی ڈیوٹی پر تعینات حبیب الرحمن کیخلاف تحریری شکایت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)تعلیمی بورڈ کے سیکرٹری کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کیخلاف چیئرمین کو دی جانے والی تحریری شکایت میں لاکھوں روپے مبینہ طور پر ہڑپ کیے جانے کا الزام سامنے آیا ہے ۔ درخواست عثمان غنی ٹاؤن غلام آباد کے رہائشی علی رضا قریشی کی جانب سے سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ کی اضافی ڈیوٹی پرتعینات ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کیخلاف دائر کی گئی جسکے مطابق مذکورہ افسر نے مبینہ کرپشن کرتے ہوئے ٹریول اور ہوٹلز میں رہائش کی مد میں لاکھوں روپے ہڑپ کیے جس دوران انہوں نے کراچی کے سرکاری دورہ کے لیے ہوائی سفر کیا تاہم کاغذات میں سرکاری گاڑی پر بائی روڈ سفر ظاہر کیا ، اس طرح درخواست کے مطابق انہوں نے جعلی ٹال پلازہ پرچیاں ، پیٹرول اور ہوٹل رہائش کے بوگس بلز و میٹنگ ٹی اے ڈی اے کی مد میں لاکھوں روپے ہڑپ کر لیے۔
علاوہ ازیں درخواست دہندہ کی جانب سے پنجاب ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 کے تحت سیکرٹری بورڈ کے دورہ کراچی کے دوران مالی اخراجات کی تفصیلات مہیا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے جبکہ درخواست میں عائد کیے گئے مزید الزامات کے مطابق مذکورہ افسر نے سیکرٹری تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کی سیٹ بھی مبینہ طور پر رشوت دے کر حاصل کی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن تک با اثر ہونے کی وجہ سے کسی طرح کی مبینہ کرپشن کی صورت میں فائلز بھی دبا لی جاتی ہیں۔