آتش بازی کے کارخانے میں آگ لگنے سے 5افرادشدیدزخمی

آتش بازی کے کارخانے میں آگ لگنے سے 5افرادشدیدزخمی

چیچہ وطنی روڈ پر زور دار دھماکے سے عمارت کی چھت گر گئی،زخمی ہسپتال منتقل

کمالیہ (نمائندہ دنیا،نمائندہ خصوصی )چیچہ وطنی روڈ پر آتش بازی کا سامان تیار کرنے والے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور عمارت کی چھت گر گئی۔ خاتون سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ کارخانے کی چھت زمین بوس ہو گئی اور اندر موجود افراد ملبے تلے دب گئے ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں فوری تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کمالیہ منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کارخانے میں آتش بازی کا سامان تیار کیا جا رہا تھا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آتش گیر مواد میں اچانک آگ لگنے کے باعث دھماکہ ہوا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں