یومِ شہادت حضرت علیؓ پر ریجن بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ
مساجد، امام بارگاہوں پر اضافی نفری تعینات ، 1200 اہلکارحفاظت کرینگے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)آرپی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی ہدایت پر یومِ شہادت حضرت علیؓ پر ریجن بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر ریجن میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ عزاداروں اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ریجن فیصل آباد میں 39 جلوسوں پر 1700 سے زائد جبکہ 113 مجالس پر 1200 سے زائد پولیس افسروں و اہلکاران سکیورٹی کے فرائض انجام دینگے ۔ اہم مقامات پر پولیس کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور مشکوک افراد کی نگرانی کا حکم دیا گیا ہے ۔ریجن بھر میں موٹر سائیکل سکواڈ، ڈولفن اسکواڈ، ایلیٹ فورس اور موبائل سکواڈ کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
آر پی اونے ہدایت کی ہے کہ حساس اور اہم تنصیبات پر اضافی نفری تعینات کی جائے ۔ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور مشکوک افراد کی چیکنگ سخت کی جائے ۔ ناکہ بندی پوائنٹس پر بائیو میٹرک ویری فکیشن اور مکمل ریکارڈ کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں اور سیف سٹی سسٹم کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے ۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ، امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔