جی سی یونیورسٹی میں ماہ ِ صیام ،سائنسی غذائیت پر سیمینار
ڈاکٹر عابد رشید ، حافظ عابد ، رمشا عامر کااظہار خیال،کوئز مقابلہ ،انعامات تقسیم
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ نیوٹریشنل سائنسز کے زیرِ اہتمام سیمینار بعنوان رمضان المبارک، روحانی مشق اور سائنسی غذائیت کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ اور عوام کو ماہِ رمضان کے دوران صحتمند طرزِ زندگی، متوازن غذا اور روزے کے طبی و روحانی فوائد سے آگاہ کرنا تھا۔ مہمانِ خصوصی ڈین فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عابد رشید تھے جبکہ صدارت چیئرپرسن شعبہ نیوٹریشنل سائنسز ڈاکٹر نذیر احمد نے کی۔ سیمینار کے مرکزی منتظم ڈاکٹر آفتاب تھے ۔اس موقع پر فلسطین اور ایران کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر حافظ عابد نعمان نے روزے کے روحانی پہلوؤں اور قرآن و سنت کی روشنی میں جسمانی صحت کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ماہر امراضِ بافت ڈاکٹر حسن ناصر چیمہ نے روزے کے طبی فوائد بیان کرتے کہا کہ روزہ انسانی جسم کی صفائی اور نظامِ ہاضمہ کی بہتری میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔ معروف کلینیکل ڈائٹیشن رمشا عامر نے سحری اور افطاری کیلئے متوازن غذا کے انتخاب پر رہنمائی فراہم کی ۔آخر میں معلوماتی کوئز کا انعقاد کیا گیا درست جوابات دینے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ سیمینار کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ صحتمند اور باشعور معاشرے کی تشکیل کیلئے ایسے علمی و تربیتی سیشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔