غریب ملک میں افسر شاہی ، ڈیڑھ ارب کی مراعات
افسروں کی رہائشگاہوں، دفاتر کیلئے خطیر رقم مختص ،شاہانہ رہائشگاہیں پہلے ہی عوامی ٹیکسز پر بوجھ ،کمشنر ، ڈی سی170 ارب کے محلات میں رہائش پذیر
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )مہنگائی سے متاثرہ غریب ملک میں افسروں کی شاہ خرچیاں اور بڑی مراعات، مالی سال2025-26کیلئے فیصل آباد ڈویژن میں انتظامی افسروں کی رہائشگاہوں اور دفاتر کیلئے ڈیڑھ ارب کی خطیر رقم مختص کردی گئی،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی شاہانہ رہائشگاہیں انیسویں صدی میں بنائی گئی تھیں جب آبادی نہ ہونے کے برابر تھی،موجودہ دور میں بادشاہوں کے محلات کی طرز پر بنائی گئی رہائشگاہیں عوامی ٹیکسز کا ضیاع ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں افسروں کے گھروں کی مبینہ موجودہ مالیت 170 ارب روپے سے زائد بنتی ہے تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں سرکاری افسروں کی شاہانہ رہائشگاہوں دفاتر اور تحصیل کمپلیکسز کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ افسروں کی شاہانہ رہائشگاہیں پہلے ہی سرکاری خزانے پر بوجھ ہیں۔
کمشنر ہاوس 80 کنال سے زائد رقبے پر محیط ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ہائوس بھی تقریباً 92 کنال سے زائد رقبے پر بنایا گیا ہے دونوں افسروں کے گھروں میں وسیع لان، گیسٹ ہاوس، سٹاف کوارٹرز، سیکیورٹی بلاکس اور باغات موجود ہیں یہ دونوں سرکاری رہائش گاہیں شہر کے مہنگے ترین علاقے سول لائنز میں واقع ہیں جو برطانوی دور میں اعلیٰ سرکاری افسروں کی رہائش کیلئے مخصوص کیا گیا تھا اس علاقے میں اراضی کی قیمت شہر کے مہنگے ترین علاقوں میں شمار ہوتی ہے ذرائع کے مطابق موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق اندازہ لگایا جائے تو کمشنر ہائوس کی اراضی کی مالیت تقریباً 80 سے 100 ارب روپے تک بنتی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ہائوس کی قیمت بھی اندازاً 70 سے 90 ارب کے قریب بنتی ہے جب ان افسروں کو شاہانہ رہائشگاہیں دی گئی تھیں۔
اس وقت شہر کی آبادی نہ ہونے کے برابر تھی اب صرف دو افسر 170 ارب سے زائد مالیت کے وسیع محلات میں رہائش پذیر ہیں فیصل آباد ڈپٹی کمشنر ہاؤس کی تزئین وآرائش کیلئے 5کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے گورنمنٹ آفیسر ریذیڈنس 1 اور 2 میں افسروں کی رہائشگاہوں کی بحالی پر 9کروڑ خرچ کیے جائیں گے تحصیل صدر ،تاندالیانوالہ میں نئے تحصیل کمپلیکسز کی تعمیر پر 20 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے جھنگ میں ڈی سی ہاوس، سرکٹ ہاؤس،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ کمپلیکس کا 15کروڑ 90لاکھ تخمینہ لگایا گیا ہے چنیوٹ میں گورنمنٹ آفیسر ریذیڈنس اور سرکٹ ہاؤس کے لیے 80کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے تحصیل کمپلیکس لالیاں اور تحصیل کمپلیکس چنیوٹ کی تعمیر کے لیے 20 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تحصیل کمپلیکس کے لیے 10کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے سکیموں کی تفصیلات بورڈ آف ریونیو کو بھجوا دی گئی ہیں مذکورہ افسروں کی شاہانہ رہائشگاہیں موجودہ دور میں سرکاری خزانے اور عوامی ٹیکسز پر بہت بڑابوجھ ہیں۔