فیصل آباد عید سے قبل مہنگائی کا طوفان ، قیمتیں بے قابو، شہری پریشان

 فیصل آباد عید سے قبل مہنگائی کا طوفان ، قیمتیں بے قابو، شہری پریشان

ناجائز منافع خور من مانے نرخ وصول کرنے لگے ،متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں غیر سنجیدہ ،حکام سے نو ٹس کا مطالبہ 10 روز کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں تقریباً 100 روپے فی کلوگرام تک اضافہ ریکارڈ ،اہلکاروں پر نذرانے لینے کاا لزام

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)عید کی آمد کے ساتھ ہی گوشت، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔ ناجائز منافع خوروں نے من مانے نرخ وصول کرتے ہوئے عوام کیلئے مشکلات بڑھا دی ہیں جبکہ متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر کی مختلف مارکیٹوں میں مرغی، بیف اور مٹن سمیت سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ گزشتہ 10 روز کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت میں تقریباً 100 روپے فی کلوگرام تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بیف اور مٹن کی قیمتیں بھی واضح طور پر بڑھا دی گئی ہیں۔

اسی طرح مختلف سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں فی کلوگرام 40 سے 100 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے ، جس کے باعث عام آدمی کیلئے روزمرہ اشیاء کی خریداری مشکل ہو گئی ہے ۔حکام کی جانب سے پرائس کنٹرول کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تاہم اس کے باوجود ناجائز منافع خور عناصر قابو میں نہیں آ سکے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعض اہلکار مبینہ طور پر کارروائی کے بجائے نذرانے وصول کر کے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو رہی ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں پر قابو پانے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں