فیڈرل بورڈ کا بیرون ملک امتحانات مؤخر کرنے کا عندیہ
سکیورٹی خدشات برقرار رہے تو ایس ایس سی امتحانات عید کے بعد متوقع
ملتان (خصوصی رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے بیرونِ ملک منعقد ہونے والے امتحانات سے متعلق اہم اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بڑے فیصلے کا عندیہ دیا گیا ہے۔فیڈرل بورڈ کے مطابق خطے میں جاری کشیدہ صورتحال اور غیر یقینی حالات کے باعث ایس ایس سی 2026 کے امتحانات، جو 31 مارچ سے شروع ہونا تھے، متاثر ہو سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر سکیورٹی خدشات برقرار رہے تو بیرونِ ملک امتحانات مؤخر کئے جا سکتے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امتحانات کو عیدالفطر کے بعد دوبارہ شیڈول کئے جانے کا بھی امکان ہے ، جس کے لئے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے ۔ طلبہ اور والدین کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل امتحانی انتظامات پر مشاورت کی جا رہی ہے ۔فیڈرل بورڈ حکام کے مطابق کسی بھی حکومتی پابندی یا لاجسٹک مسائل کی صورت میں نیا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا تاکہ طلبہ کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔