فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، ہزاروں پوائنٹس کی انسپکشن
جرمانے ، ایف آئی آرز، غیر معیاری اشیا تلف، متعدد فوڈ پوائنٹس کی پیداوار بند
ملتان (لیڈی رپورٹر)ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملتان ڈویژن میں ساڑھے 11 ہزار فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران 5 ہزار فوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ ایک ہزار فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ۔ جعل سازی اور دھوکہ دہی کے الزامات پر 13 فوڈ بزنس مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔غیر معیاری خوراک کی تیاری پر 18 فوڈ پوائنٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند کر دی گئی۔
کارروائیوں کے دوران 90 من مردہ مرغیوں اور بیمار جانوروں کا گوشت، 1200 لٹر ناقص کولڈ ڈرنکس تلف کی گئیں۔ اسی طرح 2 ہزار کلو مضر صحت قلفیاں، 450 لیٹر ملاوٹی دودھ اور 350 کلو ایکسپائرڈ اشیا بھی ضائع کی گئیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیمیں سحر و افطار کے اوقات میں فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر بھی ڈویژن بھر میں فوڈ پوائنٹس کی خصوصی انسپکشن جاری رہے گی۔ ان کے مطابق پنجاب بھر سے ملاوٹ اور جعل سازی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔