اوورچارجنگ، ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
انسداد اوورچارجنگ سکواڈ تشکیل ، زائد کرایہ وصولی پر کارروائی کریگا
ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر عامر کریم خاں نے عیدالفطر کے موقع پر اوورچارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کرایوں کی مانیٹرنگ اور سفری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے مختلف ٹرمینلز کا معائنہ کیا اور مسافروں سے براہ راست کرایہ وصولی کے بارے میں دریافت کیا۔ مسافروں کی جانب سے زائد کرایہ وصولی کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انسداد اوورچارجنگ سکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو زائد کرایہ وصولی کے تدارک کیلئے متحرک ہے۔
دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے جنرل بس سٹینڈ پر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے رش کے پیش نظر بس اڈوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ اس موقع پر خراب الیکٹرک واٹر کولر کو فوری فعال کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔کمشنر نے واضح کیا کہ عید کے دوسرے اور تیسرے روز کرایوں اور انتظامات کی خصوصی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کئے جائیں۔نہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر بس اڈوں پر سہولیات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔