بھٹو کے عدالتی قتل پرمجرموں کو بے نقاب کیا جائے :مقررین
حکومت پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے :برسی پر تقریب سے خطاب
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)قائد عوام شہید بھٹو کے عدالتی قتل پر تمام مجرموں کو بے نقاب کیا جائے ،پارٹی قیادت ان کیخلاف استغاثہ دائر کرے جنہوں نے ناحق عدالتی قتل میں اپنا اپنا حصہ ڈالا ،فوجی آمروں اور آمریت پسندوں کی جمہوری دشمن سازشوں کا خمیازہ پوری قوم معاشی بحران کی صورت میں بھگت رہی ہے ۔ عدالتی ریفرنس دائر کر نے پر صدر زرداری کی کوششوں کو سلام پیش کرتے ہیں ان خیالا ت کا اظہار پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے نائب صدر چوہدری ارشد جٹ، سٹی صدر رانا نعیم دستگیر، ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیپلز لیبر بیورو ،لعل حسین راشد، سنیئر رہنما خواتین ڈاکٹر منیبہ فاطمہ، کشمیری لیڈر چوہدری شفیع ، ڈویژنل و ڈسٹر کٹ میڈیا کوآڈینیٹر طاہر شیخ، ڈویژنل صدر فیصل آباد پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری خادم حسین نے بمقام رہائش گاہ چوہدری خادم حسین بالمقابل اے جی آفس سرکلر روڈ فیصل آبادمیں ذوالفقار بھٹو کی 47 برسی کی تقریب پر شریک شرکا سے خطاب میں کیا۔
رہنمائوں نے کہا بھٹو اور انکے خاندان کی وجہ سے پاکستان ایٹمی ملک بنا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ بڑا اضافہ غریب عوام سے بہت بڑی زیادتی ہے ،تین بحری بیڑے تیل آنے کے باوجود قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے جسکی پیپلز پارٹی شدید مذمت کرتی ہے ،حکومت پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لے اور ایسے منصوبے شروع کرے جس سے غریب اور مزدور خوشحال ہو سکے ۔گیس بلوں میں فکسڈ اور جنرل ٹیکس کے نام پر لوٹ مار کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ آخر میں پارٹی رہنماطاہر شیخ نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنائی و دیگر شہدا ئے ایران جنگ سمیت محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خاں، شہید ذوالفقار بھٹو ، بینظیر ،بیگم نصرت بھٹوکے علاوہ پوری کے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعا ئے مغفرت کروائی ۔ملک وملت کی سلامتی،اتحاد امت کی سر بلندی اور ایران کی فتح کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔