جھنگ میں میگا شجرکاری مہم، 4 ہزار پودے لگائے گئے

 جھنگ میں میگا شجرکاری مہم، 4 ہزار پودے لگائے گئے

ڈپٹی کمشنر علی اکبر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال تارڑ نے بھی مہم میں حصہ لیا

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع جھنگ میں میگا شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ، جس کا مقصد ماحولیاتی بہتری اور سرسبز پنجاب کے خواب کو عملی شکل دینا ہے ۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے اشتراک سے اہم شاہراہ ٹوبہ روڈ پر شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جہاں چار ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال تارڑ نے خود پودے لگا کر مہم میں حصہ لیا اور شہریوں کو اس کارِ خیر میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی۔مہم میں طلبا و طالبات، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف آلودگی کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول کی ضمانت بھی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ مہم وزیراعلیٰ کے ‘‘گرین پنجاب وژن’’ کا حصہ ہے ، جس کے تحت صوبے بھر میں شجرکاری کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے گھروں، گلیوں اور کھلی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اس قومی مہم کا حصہ بنیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی، درجہ حرارت میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر شجرکاری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے ، کیونکہ درخت فضائی آلودگی میں کمی، پانی کے ذخائر کے تحفظ، زمین کی زرخیزی میں اضافہ اور جنگلی حیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا کہ شجرکاری مہم کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ جھنگ کو سرسبز و شاداب ضلع بنایا جا سکے اور ‘‘گرین پنجاب’’ کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں