رواں سال کی بڑی نقب زنی،ملزمان 20کروڑ کی تجوری لیکر فرار

رواں  سال  کی  بڑی  نقب  زنی،ملزمان 20کروڑ  کی  تجوری  لیکر  فرار

دکان کے تالے کاٹ کر ڈھائی کلو سونا اور 60 تولے کے زیورات چوری ،چوکیدار کو پیسوں کا لالچ دے کر تجوری بائیک پر رکھوائیملزمان تقریباً گھنٹے تک دکان کے اندر موجود رہے ،مارکیٹ چوکیدار زیرحراست،پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر زیب النساء اسٹریٹ پر رواں سال کی سب سے بڑی نقب زنی، ملزمان 20 کروڑ کی تجوری لے اڑے ۔دکان کے تالے کاٹ کر ڈھائی کلو سونا اور 60 تولے کے زیورات چوری کیے ،چوروں نے چوکیدار کو پیسوں کا لالچ دے کر تجوری بائیک پر رکھوائی، پولیس نے چوکیدار کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر میں واقع زیب النساء اسٹریٹ پر صرافہ بازار میں نقب زنی کی بڑی واردات ، ملزمان جیولری شاپ سے تقریباً 20 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور چاندی سے بھری تجوری لے کر فرار ہو گئے ۔ پولیس نے واردات میں ملوث ہونے کے شبہے میں مارکیٹ کے چوکیدار کو حراست میں لے لیا ہے ۔پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان صبح پونے پانچ بجے دکان کے تالے کاٹ کر داخل ہوئے اور تقریباً پونے ایک گھنٹے تک دکان کے اندر موجود رہے ۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق ملزمان دکان سے ڈھائی کلو سونا اور 60 تولے سونے و چاندی کے زیورات سے بھری تجوری نکال کر لے گئے ۔ پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جس میں ملزمان کی نقل و حرکت دیکھی جا سکتی ہے ۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے بھاری بھرکم تجوری موٹر سائیکل پر رکھنے کے لیے مارکیٹ کے چوکیدار سے مدد لی۔ ملزمان نے چوکیدار کو رقم کی پیشکش کی، جس پر اس نے لالچ میں آکر ملزمان کی مدد کی اور وہ باآسانی فرار ہو گئے ۔ پولیس نے چوکیدار کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے ۔متاثرہ صراف کی جانب سے پریڈی تھانے میں مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اطراف کی مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تاہم، پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ دکاندار کی جانب سے تاحال چوری شدہ مال کی حتمی مالیت کا باقاعدہ تخمینہ جمع نہیں کرایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں