انٹرامتحانات،پہلے روزپرچہ لیک کرنے کی کوشش ناکام
پرچے پر موجود واٹر مارک کے ذریعے فوری طور پر امتحانی مرکز کی نشاندہی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،اسٹاف رپورٹر) انٹربورڈ کراچی نے امتحان کے پہلے ہی روز پرچہ لیک کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔تفصیلات کے مطابق ترجمان انٹربورڈ کراچی کا کہنا ہے کہ باٹنی کا پرچہ امتحان شروع ہونے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیا گیا۔گورنمنٹ ڈگری کالج انگارہ ولیج گڈاپ کے امتحانی مرکز سے طالبہ نے پرچہ لیک کیا۔ترجمان کے مطابق کنٹرول روم کی ٹیم نے پرچے پر موجود واٹر مارک کے ذریعے فوری طور پر امتحانی مرکز کی نشاندہی کی۔ٹیم نے موقع پر تعینات ویجی لینس آفیسر حنا شیخ سے رابطہ کیا، ویجی لینس آفیسر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طالبات کی تلاشی لی، طالبہ سے موبائل برآمد کیا، موبائل چیک کیا تو اس میں متعلقہ پرچہ موجود تھا۔ترجمان نے بتایا کہ ٹیم نے قواعد کے مطابق طالبہ کے خلاف کیس بنا کر مزید کارروائی کے لیے انٹربورڈ کراچی ارسال کر دیا ہے ۔ علاوہ ازیں انٹرمیڈیٹ بورڈ میں گزشتہ روز جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ترجمان انٹر بورڈ کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوان طالبعلم نہیں بلکہ ایجنٹ مافیا کے کارندے ہیں،ایجنٹ مافیا کے کارندے تاریخ گزرنے کے باوجود طلبہ سے مبینہ رشوت وصول زبردستی امتحانی فارم جمع کرانے کی کوشش کررہے تھے انکار کرنے پر ایجنٹ مافیا نے بورڈ کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔