ٹوبہ :ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈرگ بینک فعال
دل کے مریضوں کو جان بچانے والے انجکشن مفت فراہم کیے جائیں گے
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سٹیزن کمیونٹی بورڈ کے زیر اہتمام قائم کارڈیک کیئر یونٹ میں مریضوں کی سہولت کے لیے ڈرگ بینک فعال کر دیا گیا ہے ، جہاں ہارٹ اٹیک کے مریضوں کو جان بچانے والے مہنگے انجکشن مفت فراہم کیے جائیں گے ۔اس ڈرگ بینک کے ذریعے مریضوں کو مفت ادویات اور دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وائس چیئرمین حاجی عامر حنیف، ایڈمنسٹریٹر میاں عمران نواز، کارڈیک انچارج ڈاکٹر محمد حسین، اور ایگزیکٹو ممبران میاں محمد اکرم و میاں شاہد جاوید نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ چیئرمین میاں کاشف اشفاق کی سرپرستی میں اس منصوبے کا مقصد ہر مریض کو بلا تفریق فوری اور مہنگی ادویات مفت فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ شوگر کے مریضوں کو بلا معاوضہ انسولین جبکہ حادثات میں زخمی افراد کو آرتھوپیڈک سامان بھی مفت فراہم کیا جا رہا ہے ۔ اس فلاحی منصوبے کے لیے 50 فیصد عطیات پروفیسر شان کی جانب سے فراہم کیے جا رہے ہیں، جسے ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیا گیا۔