بے ہنگم پارکنگ ،ٹریفک متاثر ، شہریوں کو مشکلات

بے ہنگم پارکنگ ،ٹریفک متاثر ، شہریوں کو مشکلات

پارکنگ کمپنی بھی مبینہ طور پر مسائل میں اضافے کا سبب بننے لگی

فیصل آباد(سٹی رپورٹر) چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں، مین شاہراہوں، مارکیٹوں اور شہر کے دیگر اہم مقامات پر غیر قانونی اور بے ہنگم پارکنگ کے باعث شہر کا ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے ۔پارکنگ مسائل کے حل اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے قائم کی گئی پارکنگ کمپنی بھی مبینہ طور پر مسائل میں اضافے کا سبب بننے لگی ہے ۔ شہریوں کے مطابق پارکنگ کمپنی کی جانب سے منظم نظام قائم کرنے کے بجائے صرف ریونیو جمع کرنے کو ترجیح دی جا رہی ہے ، جس کے باعث ٹریفک مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چوک گھنٹہ گھر، سرکلر روڈ، کوتوالی روڈ، نڑ والا روڈ، راجباہ روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، اقبال سٹیڈیم، ہاکی سٹیڈیم، لیاقت روڈ سمیت مختلف سرکاری و غیر سرکاری دفاتر، ہسپتالوں اور عوامی مقامات پر پارکنگ کمپنی کے اہلکار موجود ہوتے ہیں، تاہم ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے اقدامات نظر نہیں آتے ۔اس صورتحال کے باعث سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں اور ٹریفک بلاک رہنا معمول بن چکا ہے ، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں نے متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود مؤثر اقدامات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ نظام کو منظم اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل کم ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں