صفائی آپریشن تیز،سمندری روڈ کی تزئین و آرائش کا فیصلہ

 صفائی آپریشن تیز،سمندری روڈ کی تزئین و آرائش کا فیصلہ

کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو فوری طور پر ختم کرنے کیلئے کام تیز کرنے کا حکم

فیصل آباد(نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت شہر میں صفائی ستھرائی اور سمندری روڈ کینال کی تزئین و آرائش کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی، ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو فوری طور پر ختم کرنے کیلئے فیلڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے سمندری روڈ پر صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں سمندری روڈ کینال کے اطراف شجرکاری کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کیلئے محکمہ جنگلات اور ہارٹیکلچر ایجنسی کو واضح اہداف تفویض کیے گئے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے گرین بیلٹس اور سڑکوں کے کناروں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں