سبسڈی پر لیزر لینڈ لیولرز کی قرعہ اندازی، 27 کاشتکار کامیاب
سکیم کیلئے 312 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 57 مسترد کر دی گئیں
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ٹو بہ ٹیک سنگھ میں سبسڈی پر لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی کیلئے قرعہ اندازی کی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور چوہدری جنید انوار تھے ۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر طارق عثمان، ڈائریکٹر زراعت (آن فارم واٹر مینجمنٹ) چودھری عاصم رفیق اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شعیب منیر بھی موجود تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے مطابق سکیم کیلئے 312 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 57 مسترد کر دی گئیں جبکہ 255 درخواستیں قرعہ اندازی میں شامل کی گئیں۔ شفاف عمل کے ذریعے 27 کاشتکار کامیاب قرار پائے جن میں پیر محل کے 9، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 8، گوجرہ کے 6 اور کمالیہ کے 4 کسان شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کسان دوست پالیسیوں کے تحت زرعی شعبے میں اصلاحات لا رہی ہے اور کسان کارڈ، ٹریکٹر اسکیم اور لیزر لیولرز کا مقصد پیداوار بڑھانا اور لاگت کم کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لیزر لیولرز پر 6 لاکھ روپے تک سبسڈی دی جا رہی ہے۔