ناجائز اسلحہ کیخلاف کاروائی، خصوصی ٹیمیں تشکیل
ٹیمیں خفیہ معلومات اکٹھی کرکے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کریں گی، شہر کو اسلحہ سے پاک کرنا اور جرائم کی روک تھام اولین ترجیح : پو لیس حکام
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ بنانے ، جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کے لیے پولیس نے جامع حکمت عملی مرتب کر لی ہے ۔اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو خفیہ معلومات اکٹھی کرکے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کریں گی۔ ان ٹیموں میں ضلع پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، ڈی آئی بی، سکیورٹی برانچ اور دیگر خفیہ اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ ٹیمیں خفیہ انداز میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گی اور مکمل معلومات مرتب کرنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے کہا ہے کہ شہر کو اسلحے سے پاک کرنا اور جرائم کی روک تھام اولین ترجیح ہے ۔ ان کے مطابق ڈکیتی، راہزنی، اغوا، بھتہ خوری اور منشیات فروشی جیسے سنگین جرائم میں ناجائز اسلحہ کا استعمال ہوتا ہے ، جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں شہر کے بعض علاقوں میں جرائم کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ گئی تھی تاہم موجودہ حکمت عملی اور پولیس کارروائیوں کے باعث صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور جرائم میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں معلومات فراہم کرکے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کو مکمل طور پر جرائم سے پاک بنایا جا سکے ۔