کھلے گٹروں کے خلاف کارروائی کا حکم، مکمل سروے کی ہدایت
حادثے کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا :ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ہدایت جاری کی ہے کہ کچی آبادیوں سمیت ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں سیوریج کے گٹروں کی مؤثر اور ذمہ دارانہ نگرانی یقینی بنائی جائے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ بلڈنگ انسپکٹرز اپنے دائرہ کار کے علاقوں کی گلیوں، محلوں، بازاروں اور دیگر راستوں میں موجود گٹروں کا مکمل سروے کرکے ریکارڈ مرتب کریں اور مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں بھی گٹروں کے ڈھکن غائب ہوں فوری نشاندہی کی جائے تاکہ متعلقہ ادارے جیسے میونسپل کارپوریشن، واسا اور دیگر محکمے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں محفوظ بنا سکیں۔ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ متعلقہ عملہ اس بات کی بھی تصدیق کرے کہ گٹروں کے ڈھکن موجود ہیں اور سٹریٹ لائٹس فعال ہیں، اور اس حوالے سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ جمع کرائے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ انسپکشن کا عمل تسلسل سے جاری رکھا جائے تاکہ کسی حادثے کا خطرہ نہ رہے ، جبکہ غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی حادثے کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا اور محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔