محرم : جلوسوں کے روٹس پر انتظامات مکمل کرنے کا حکم
جلوسوں کے روٹس پرکوئی مین ہول کھلا نہ ہو،حفاظتی اقدامات مکمل ہونے چاہئیں، انتظامات میں ارکان اسمبلی کو ساتھ لیکر چلیں گے ،علما بھائی چارے کو فروغ دیں:کمشنر
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر عشرہ محرم الحرام میں قیام امن کیلئے ڈویژنل کور مینجمنٹ ٹیم کا اجلاس کمشنر فیصل آبادڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت ہوا جس میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی راجہ دانیال ،میاں طاہر جمیل،خان بہادر ڈوگر،قدسیہ بتول اور تیمور امجد لالی نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر،سی پی او تنویر حسین،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ،اسسٹنٹ کمشنر جنرل عطیہ عنایت کے علاوہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرزاورڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،جعفر نقوی،حسنین شیرازی،علامہ طاہر الحسن،عاشق حسین رضوی،یاسین ظفر، مسعود الحسن ترمذی، رضا شاہ،خلیل اشرفی، حاجی سکندر، اسلم بھلی ودیگر ممبران نے کمشنر آفس اور بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
کمشنرنے علما کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈویژن بھر میں امن کے قیام کیلئے علما و ممبران امن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہااور کہا کہ عشرہ محرم میں امن وامان کا قیام ترجیح ہے اور چاروں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ وپولیس کی تیاریاں مکمل ہیں۔ تمام درپیش چیلنجز کے باوجود عشرہ محرم انتظامات کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔ علماسے روابط کا سلسلہ قائم اور معمولی مسئلے کو بھی حل کیا جارہا ہے ۔ علماروا داری،یگانگت،صبر و تحمل اور بھائی چارے کے مزید فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھیں، امن وامان کاقیام یقینی بنانے کیلئے انکی تجاویز کاخیر مقدم کیاجائے گا۔انہوں نے کہا عشرہ محرم کے دوران جلوسوں ومجالس میں وقت کی پابندی کی جائے ،تمام ایس اوپیز کا خیال رکھا جائے ۔ محرم کے جلوسوں کے تمام روٹس پر انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں ۔
جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک،سڑکوں کی مرمت کے علاوہ کسی بھی مقام پر مین ہول کھلا نہ ہو اور حفاظتی اقدامات مکمل ہونے چاہئیں۔کمشنر نے جلوسوں کے راستوں سے گزرنے والی تاروں کو محفوظ بنانے کے احکامات جاری کئے ۔ کمشنر نے کہا ڈویژن بھر میں عشرہ محرم الحرام انتظامات میں ارکان اسمبلی کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے نشاندہی پربتایا کہ محرم جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک کا کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے جبکہ لائٹس کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بنائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سبیلوں کی چیکنگ ہوگی اور ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر کنٹرول روم فعال کئے جائیں گے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے انتظامات،ارکان اسمبلی نے اپنے تعاون اور علما نے اتحاد بین المسلمین کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر قیام امن،اتحاد اتفاق اور وطن عزیز کی ترقی وسلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔