ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، شفافیت،بروقت تکمیل کی ہدایت

ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، شفافیت،بروقت تکمیل کی ہدایت

ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ،کمشنر مسرت جبیں نے صدارت کی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈپٹی کمشنر چنیوٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی سمیت مختلف محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔اجلاس میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی، جن میں تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پیر محل میں نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر شامل ہے ۔ اس کے علاوہ ضلعی حدود ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چک 353 ج۔ب اڈا مرید شاہ سے 8 کلومیٹر فضل کریم گوجرہ روڈ کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔اسی طرح ضلع جھنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کے تحت سرکاری کالجز میں سہولیات کی عدم دستیابی دور کرنے کے لیے مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ضلع چنیوٹ میں دو بیوٹیفکیشن اسکیموں (تحصیل چوک سے جھنگ روڈ بائی پاس کی جانب) اور شاہراہ قائداعظم روڈ کی ری ماڈلنگ کی منظوری بھی دی گئی۔ مزید برآں واسا فیصل آباد کے زیر اہتمام ایک ترقیاتی اسکیم پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں