یونیورسٹی آف کمالیہ کا مقصد تحقیق، صنعت،معاشرے میں رابطہ
ری سائیکلنگ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس ایک تاریخی سنگ میل :ڈاکٹر یاسر نواب
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کا مقصد صرف ڈگریوں کا اجرا نہیں بلکہ علم، تحقیق، صنعت اور معاشرے کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ قومی ترقی میں عملی کردار ادا کیا جا سکے ۔پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ 15 ستمبر 2025 کو شروع ہونے والے تعلیمی سفر کے پہلے سال کے اختتام پر یونیورسٹی آف کمالیہ نے ری سائیکلنگ کے موضوع پر پاکستان کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس ICOR 2026 کامیابی سے منعقد کر کے ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا۔کانفرنس میں 400 سے زائد شرکاء، 200 سے زائد صنعتی نمائندگان اور 100 سے زائد سی ای اوز، کاروباری شخصیات اور صنعتی رہنماؤں نے شرکت کی۔
ڈاکٹر یاسر نواب نے کہا کہ اس کانفرنس نے ری سائیکلنگ، سرکلر اکانومی، ویسٹ ٹو ویلتھ، زراعت، ٹیکسٹائل، فوڈ اور ویسٹ مینجمنٹ جیسے اہم شعبوں میں بامعنی مکالمے کو فروغ دیا، اور یہ ثابت کیا کہ نوجوان جامعات بھی مؤثر قیادت کے ذریعے قومی سطح پر نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے اس کامیابی کو یونیورسٹی کی فیکلٹی، سٹاف، طلبہ، صنعتی شراکت داروں، پالیسی ساز اداروں اور شریک جامعات کے تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف کمالیہ آئندہ بھی تحقیق، اختراع، صنعت سے روابط اور معاشرتی خدمت کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔