شہری تعاون کے بغیر نکاسی آب کا نظام نہیں چل سکتا: ایم ڈی
کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک بیگز سیوریج لائنوں میں رکاوٹ کا سبب ،ٹیمیں متحرک
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا انجینئر کامران رضا کاہلوں نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر واسا کا عملہ نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے ، تاہم شہریوں کا تعاون بھی اس سلسلے میں انتہائی ضروری ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بعض اوقات کوڑا کرکٹ، پلاسٹک بیگز، ملبہ اور دیگر فضلہ سیوریج لائنوں، مین ہولز اور نالوں میں پھینکنے سے نکاسی آب کا نظام متاثر ہوتا ہے ، جس کے باعث بارشوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کے مسائل جنم لیتے ہیں۔
انجینئر کامران کاہلوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی قسم کا فضلہ ڈرینز یا مین ہولز میں ڈالنے سے گریز کریں، کیونکہ صاف ستھرا ماحول اور مؤثر نکاسی آب کا نظام شہریوں اور اداروں کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ واسا کی ٹیمیں مون سون سیزن کے دوران چوبیس گھنٹے فیلڈ میں موجود ہیں اور سیوریج لائنوں کی صفائی، مین ہولز کی دیکھ بھال اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں۔