عشرہ محرم کے فول پروف انتظامات، انتظامیہ متحرک
کمشنر مسرت جبیں اور آر پی او سہیل اختر کا ضلع جھنگ کا دورہ ، امن کمیٹی سے ملاقات
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ڈویژنل انتظامیہ عشرہ محرم کے انتظامات کو بہتر اور مربوط بنانے کے لیے مسلسل سرگرم ہے ۔اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے آر پی او سہیل اختر سکھیرا کے ہمراہ ضلع جھنگ کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر، ڈی پی او ساجد حسین اور ضلعی انتظامیہ کے افسر بھی موجود تھے ۔کمشنر نے کہا کہ ضلع میں قیام امن کے لیے امن کمیٹی کے ارکان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے عشرہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ امن کمیٹی اور علما کرام کی نشاندہی کردہ مسائل بھی حل کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علما کرام سے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان اور علما کرام محراب و منبر سے اتحاد، رواداری، مساوات اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں تاکہ پرامن معاشرہ فروغ پا سکے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ عشرہ محرم کے دوران کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے اور مانیٹرنگ کے عمل میں کسی اہم مقام کو نظرانداز نہ کیا جائے ۔ کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے امن کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ مرکزی جلوسوں کے روٹس کا دورہ بھی کیا اور چھتوں پر سکیورٹی ڈیوٹی یقینی بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے جلوسوں میں شریک افراد کی ایس او پیز کے مطابق جامع تلاشی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔