انسدادِ آلودگی،واسا کا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سنگ ِ میل قرار
ڈنمارک کے ڈونر کاسائٹ کادورہ ، پراجیکٹ ڈائریکٹر کی بریفنگ ، پیشرفت کا جائزہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)واسا فیصل آباد کے زیر انتظام ڈینیڈا کی فنڈنگ سے جاری میگا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شہریوں کو آلودگی سے بچانے کیلئے سنگ ِمیل قرار دیدیا گیا۔اس ضمن میں میگا پراجیکٹ کی اب تک پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ایمپیکٹ فنڈ ڈنمارک /ڈینیڈا ڈونر مسٹر جیکب اور مسز سٹائن نے فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اویس جمال نے ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کی سائٹ پر پہنچنے پر ڈنمارک کے ڈونرکا استقبال کیا اور انہیں پراجیکٹ بارے بریفنگ دی۔
مسٹر جیکب نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کے کنٹریکٹر، کنسلٹنٹ اور واسا افسران کے ساتھ ملاقات کی اور میگا پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کو چیک کرتے ہوئے پراجیکٹ کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور پراجیکٹ پر دوبارہ تعمیراتی کام شروع کرانے پر پنجاب حکومت اور واسا فیصل آباد کے اقدامات کو سراہا۔ ڈینیڈا ڈونر مسٹر جیکب اور مسز سٹائن نے مکوانہ میں اے ایف ڈی کے تعاون سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کا بھی وزٹ کیا اور انہوں نے واسا فیصل آباد کے مختلف ڈونرز کے ساتھ میگا پراجیکٹس مکمل کرنے کی کیپسٹی اور فنڈز کے بہترین، شفاف استعمال اور بعد از تکمیل آپریشنز امور پر دسترس کو تسلی بخش قرار دیا۔