چالان کرنے پر تمام تر توجہ، ٹریفک نظام درہم برہم

چالان کرنے پر تمام تر توجہ، ٹریفک نظام درہم برہم

پولیس اہلکارشہر کے اہم مقامات، مین شاہراہوں ، چوراہوں میں ناکے لگاکرچالان کرنے میں مصروف،ٹریفک جام،سست روی کاشکار رہنے سے شہریوں کومشکلات

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ناروا رویہ اپنانے ، بلا جواز چالان کرنے اور اپنے ٹارگٹ کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے نظام ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنی خدمات انجام دینے کی بجائے مبینہ طور پر محض تمام تر توجہ ٹریفک چالان کرنے پر لگادی گئی جس سے شہر بھر کا نظام ٹریفک بری طرح سے درہم برہم ہوگیا اور شہر کی متعدد مین شاہراہوں، چوک چوراہوں، اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک بلاک رہنا معمول بن گیا جس پرشہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پاکستان کے تیسرے بڑے اور ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہر فیصل آباد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، کاروں، بسوں، رکشوں اور دیگر وہیکلز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔

شہر بھر کی شاہراہوں پر ہمہ وقت لاکھوں گاڑیاں دوڑتی دکھائی دیتی ہیں۔ نظام ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کو ٹریفک سے متعلق سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے محکمہ ٹریفک پولیس کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ شروع میں ٹریفک پولیس اہلکاروں اور افسروں کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظام ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے گئے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انکی تمام تر توجہ چالان مہم کو کامیاب بنانے پر مرکوز ہوگئی اور شہر بھر کا نظام ٹریفک بری طرح سے درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ ذرائع کے مطابق آجکل دن کا آغاز ہوتے ہی صبح سویر ٹریفک اہلکاروں اور افسروں کی جانب سے ڈی ٹائپ پل، پل کوریاں چوک، ناولٹی پل، تیزاب ملز چوک، تھانہ پیپلز کالونی چوک، ستارہ ٹاور چوک، گلبرگ چوک، چوہڑ ماجرہ چوک، وارث پورہ چوک، پہاڑی گراؤنڈ چوک، عبداللہ پور چوک، فیصل ہسپتال چوک، ٹریٹ بیکری چوک اور شہر کے دیگر اہم مقامات، مین شاہراہوں اور چوک چوراہوں میں خصوصی ناکہ بندی کرتے ہوئے ہر آنے جانے والے شہری کو روک کر ان کا چالان کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جاتا ہے جو رات تک جاری رہتا ہے ۔

جس سے شہری اپنے کام کاج کے سلسلے میں مین روڈز پر آنے سے بھی کتراتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا شکوہ ہے ں کہ چالان مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے تمام تر توجہ چالان مہم پر مرکوز کر دی گئی ہے اور شہر بھر کا نظام ٹریفک درہم برہم ہونے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ بلا جواز چالان کرنے سے روکنے پر ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ناروا رویہ اپنانے اور لڑائی جھگڑا کرنے کے واقعات بھی آئے روز سامنے اتے رہتے ہیں۔ اگر کوئی شہری بلاجواز چالان کرنے سے منع کرتا ہے تو اسے گرفتار کرکے کار سرکار میں مزاحمت کامقدمہ درج کروادیا جاتا ہے ۔ ایسی متعدد شکایات رپورٹ ہونے کے باوجود بھی حکام اقدامات اٹھانے اور ملوث اہلکاروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ ٹریفک اہلکاروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور نظام ٹریفک کو محفوظ اور منظم بنانے کیلئے ٹریفک پولیس مؤثر اقدامات اٹھائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں