زرعی یونیورسٹی میں طالبات کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش
کینوس پینٹنگ، گھریلو ٹیکسٹائل اور مختلف اقسام کی گارمنٹس بھی پیش
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)انسٹیٹیوٹ آف ہوم سائنسز زرعی یونیورسٹی کے زیراہتمام طالبات کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہوم سائنسز پروفیسر ڈاکٹر بینش اسرار اور دیگر منتظمین موجود تھے ۔نمائش میں فیشن ڈیزائن، ٹیکسٹائل اور غذائیت کے شعبے کے طلبہ نے اپنے منصوبوں پر بریفنگ دی جبکہ کینوس پینٹنگ، گھریلو ٹیکسٹائل اور مختلف اقسام کی گارمنٹس بھی پیش کی گئیں۔کمشنر نے نمائش کے شاندار انعقاد اور طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ طالبات ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت فراہم کرنا ناگزیر ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے پروگرامز کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ہوم سائنسز نے نمائش کے اغراض و مقاصد بیان کیے ۔