ایل پی جی کی من مانی قیمتیں کنٹرول کی جائیں:اعجاز چودھری
مہنگائی، لیوی اور نجی شعبے کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ عشرۂ محرم کے باعث ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل سے مکمل طور پر غافل ہو چکی ہے ، جبکہ ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخ 300 روپے فی کلو ہونے کے باوجود شہر میں ایل پی جی 550 سے 600 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے ، جس کی پاکستان پیپلز پارٹی شدید مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی آزاد کشمیر فیصل آباد کے ڈویژنل صدر چوہدری خادم حسین کی رہائش گاہ پر لیبر لیڈر لال حسین راشد، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد طاہر شیخ، سٹی جنرل سیکرٹری پی ایل بی فیصل آباد سید علی اکبر کاظمی، چوہدری بلال امانت، چوہدری محمد اقبال امانت، قاسم غزالی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مہنگائی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ردعمل دیتے ہوئے کیا۔محمد اعجاز نے کہا کہ بے لگام مہنگائی کے باعث عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ مارکیٹ میں چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر نظام موجود نہیں۔ دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں اور بیشتر مقامات پر سرکاری ریٹ لسٹیں بھی آویزاں نہیں۔