لالیاں: ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او کا 8 محرم کے مرکزی جلوس کا دورہ
ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کی جانب سے قائم میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا
لالیاں (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف اور پاک آرمی کے افسروں نے منتظمین کے ہمراہ لالیاں شہر میں آٹھ محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور جلوس کے روٹس پر کیے گئے سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورانِ دورہ افسروں نے جلوس کے راستوں پر تعینات پولیس اہلکاروں، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، رکاوٹوں، نگرانی کے نظام اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عزادارانِ کرام کی جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل طور پر فعال رکھے جائیں۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے جلوس کے مقام پر ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کی جانب سے قائم میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس مکمل طور پر متحرک ہیں۔