میٹرو بس منصوبہ: یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایات

میٹرو بس منصوبہ: یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایات

کمشنر مسرت جبیں کا مختلف محکموں کو کام میں تیزی سے مکمل کرنے ، متبادل ٹریفک پلان اور درختوں کی محفوظ منتقلی یقینی بنانے کا حکم، محکمہ انہار سے متعلق امور کے حل کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام میٹرو بس منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔کمشنر مسرت جبیں کی زیر صدارت یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر نے پی ٹی سی ایل، این ٹی سی، سوئی گیس اور فیسکو کے افسروں کو ہدایت کی کہ 15 جولائی تک یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی میں واضح پیش رفت یقینی بنائی جائے ۔اور تمام متعلقہ محکمے مقررہ مدت کے اندر ذمہ داریاں مکمل کریں۔انہوں نے ہارٹیکلچر ایجنسی کو جدید مشینری کے ذریعے جھنگ روڈ سے درخت جڑ سمیت منتقل کرکے دیگر موزوں مقامات پر لگانے کی ہدایت کی۔ واسا، سیف سٹی اتھارٹی اور میونسپل کارپوریشن کو سیوریج لائنوں، سکیورٹی کیمروں، بجلی کے پولز، ٹریفک سگنلز اور پیدل چلنے والوں کے انفراسٹرکچر کی فوری منتقلی کا حکم بھی دیا۔

کمشنر نے سٹی ٹریفک پولیس اور ہائی وے پٹرولنگ پولیس کو متبادل راستوں کی مؤثر تشہیر کرنے اور ٹریفک وارڈنز کو شہریوں کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رکھنے کی ہدایت کی۔ محکمہ انہار سے متعلق امور کے حل کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور اسسٹنٹ کمشنر صدر کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جن میں میٹرو پراجیکٹ اتھارٹی اور محکمہ انہار کے افسران بھی شامل ہوں گے ۔کمشنر نے ڈمپنگ سائٹ کی منتقلی، پیرا فورس کو جھنگ روڈ سے تجاوزات کے خاتمے اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں