ایف ڈی اے بجٹ متوازن،حقیقت پسندانہ بنانے کا حکم
ذرائع آمدن میں اضافے کیلئے جامع ، مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے : آصف چودھری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چودھری نے ہدایت کی ہے کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ ہر لحاظ سے متوازن، حقیقت پسندانہ اور ادارے کی مالی ضروریات سے ہم آہنگ تیار کیا جائے ۔انہوں نے زور دیا کہ ایف ڈی اے کے ذرائع آمدن میں اضافے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ ادارہ مالی طور پر مزید مستحکم ہو اور شہریوں کو جدید، معیاری اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ڈی جی ایف ڈی اے نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کو ہدایت کی کہ بجٹ تجاویز کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ تمام تجاویز ادارے کے استحکام، ترقیاتی اہداف اور خدمات کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں معاون ثابت ہوں۔ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی مالی ضروریات، ترقیاتی منصوبوں، جاری و مجوزہ سکیموں اور آمدن میں اضافے کے امکانات پر غور کیا گیا، جبکہ متعلقہ افسران کو بجٹ کی تیاری کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔