گوجرہ: 3سال بعد بھی انڈر پاس نامکمل، شہری مشکلات کا شکار
تعمیراتی مشینری موقع پر ناکارہ پڑی ،کھڑے پانی سے تعفن پھیل رہا،نوٹس کامطالبہ
گوجرہ (نمائندہ دنیا) ٹوبہ روڈ پر تین سال قبل شروع کیا گیا انڈر پاس منصوبہ تاحال مکمل نہ ہو سکا، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ریلوے لائن کے دوسری جانب واقع آبادیوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے تین سال قبل انڈر پاس کی منظوری دی گئی تھی۔ منصوبے پر تعمیراتی کام شروع ہوا، تاہم اچانک روک دیا گیا جو تاحال دوبارہ شروع نہیں ہو سکا۔علاقہ مکینوں کے مطابق تعمیراتی مشینری موقع پر ناکارہ پڑی ہے ، سریا زنگ آلود ہو رہا ہے ، جبکہ کھدائی کی گئی جگہ پر کئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے ۔ پانی جمع رہنے سے قریبی مکانات کی بنیادیں بھی متاثر ہو رہی ہیں اور موذی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔شہریوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ انڈر پاس کی تعمیر جلد مکمل کرائی جائے تاکہ علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔