ڈی سی ٹوبہ کی زیرصدارت ایگریکلچر ٹاسک فورس کااجلاس
کپاس و دھان کی فصلوں کا جائزہ، کسان دوست منصوبوں پر پیشرفت رپورٹ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایڈوائزری کمیٹی اور ایگریکلچر ٹاسک فورس برائے دھان و کپاس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور کسان تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت گلزار شاہد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست منصوبوں، کسان کارڈ، انٹرنشپ پروگرام، گرین ٹریکٹر سکیم اور سپر سیڈرز سبسڈی پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے دوسرے مرحلے میں 201 ہائی پاور اور 151 لو پاور ٹریکٹرز کاشتکاروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ ضلع میں اب تک 49 ہزار 995 ایکڑ رقبے پر دھان کی کاشت مکمل ہو چکی ہے اور مقررہ ہدف جلد حاصل کر لیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ زراعت کا فیلڈ سٹاف اور انٹرنز کاشتکاروں کو موقع پر رہنمائی فراہم کر رہے ہیں، جبکہ بائیو لیب میں مفید کیڑوں کی افزائش کا عمل بھی جاری ہے تاکہ فصلوں کو نقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔